پیپلزپارٹی رہنما شکیل درانی کے گھر دستی بم سے حملہ
بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق ضلعی چیئرمین آغا شکیل درانی کے گھر پر دستی بم سے حملہ ہوا
بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق ضلعی چیئرمین آغا شکیل درانی کے گھر پر دستی بم سے حملہ ہوا/ فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق ضلعی چیئرمین آغا شکیل درانی کے گھر پر دستی بم سے حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 محافظوں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے گھر کے احاطے کی جانب دستی بم پھینکا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے دستی بم کے ٹکڑے بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں تاکہ فرانزک تحقیقات آگے بڑھائی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بعض عناصر پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کا غلط مطلب نکال رہے ہیں: خواجہ آصف

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آغا شکیل درانی کی رہائش گاہ پر حملہ نہایت افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ واقعات سے عوام اور قیادت کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایسے حملے عوامی نمائندوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہیں لیکن پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گی۔