پنجاب: کچرا ٹھکانے لگانے کے جدید منصوبے کا آغاز
پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کا جامع منصوبہ شروع کردیا، کچرا جمع کرنے کے لئے رنگدار کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کا جامع منصوبہ شروع کردیا، کچرا جمع کرنے کے لئے رنگدار کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دیا گیا۔

منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں ’سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘ پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دی گئی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ سرکاری ونجی درسگاہوں میں پانچ رنگ کے کوڑے دان رکھے جائیں ۔

سینئر صوبائی وزیر ماحولیات مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی جبکہ وزیر تعلیم رانا سکندر اور وزیر بلدیات ذیشان ملک کو ٹارگٹس سونپ دئیے گئے ، 30 ستمبر تک تمام سکولوں میں رنگوں والے کوڑے دان لگانے کی ڈیڈ لائن مقررکردی گئی۔

منصوبے کے تحت یکم اکتوبر سے تعلیمی اداروں میں معائنہ شروع ہوگا جبکہ رنگدار کوڑے دان نہ رکھنے پر جرمانے ہوں گے ، الگ الگ رنگ کے کچرے کے ڈبوں میں الگ الگ قسم کا کوڑاکرکٹ جمع کیاجائے گا، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی ، سبز رنگ کے ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے، لیبارٹری میں استعمال ہونیو الا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا ۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ٹو کا آغاز، لاکھوں کی سبسڈی کا اعلان

اسی طرح سرمئی (گرے) رنگ کے ڈبوں میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی ،سرخ رنگ کے کچرے کے ڈبے لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کے لئے استعمال ہوں گے جبکہ نارنجی (اورنج) ڈبے پلاسٹک ویسٹ کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان اشیاء کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے لئے استعمال کیاجائے گا ، اس جدید طریقے کا مقصد کچرے کی مقدار میں کمی لانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے ، تعلیمی ادارے پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن (1139)پر کچرے کو اٹھانے کے لئے رابطہ بھی کرسکتے ہیں ۔

لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ رنگدار کوڑے دانوں کے انتظام میں اپنا کردار ادا کرے گا ، ماحولیات کے تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) تعلیمی اداروں میں اس طریقہ کار کے نفاذ کو یقینی بنائے گا، ای پی اے ٹیم درسگاہوں کا معائنہ بھی کرے گی ،معیار پر پورا اترنے والے تعلیمی اداروں کو ای پی اے کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔