پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ٹو کا آغاز، لاکھوں کی سبسڈی کا اعلان
Punjab Green Tractor Program
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کسانوں کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے ہائی پاور ٹریکٹرز پر 10 لاکھ روپے جبکہ مڈیم پاور ٹریکٹرز پر 5 لاکھ روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے کامیاب کسانوں کو مبارکباد دی اور پہلے تین ٹریکٹرز کامیاب امیدواروں کے حوالے کیے۔

سیکرٹری زراعت کے مطابق یہ سکیم ان کسانوں کیلئے ہے جن کے پاس 7 ایکڑ یا اس سے زیادہ زمین موجود ہے۔ پروگرام کے تحت 75 سے 125 ہارس پاور تک کے ٹریکٹرز دیے جائیں گے۔

فیز ٹو میں مجموعی طور پر 20 ہزار ٹریکٹرز تقسیم کیے جائیں گے، جن میں 9 ہزار 500 ہائی پاور اور 10 ہزار 500 مڈیم پاور ٹریکٹرز شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس سکیم کیلئے کُل 7 لاکھ 34 ہزار کسانوں نے درخواست دی، جن میں سے 2 لاکھ 82 ہزار اہل قرار پائے، جبکہ قرعہ اندازی کے بعد 9 ہزار 500 کسان کامیاب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:نئے گیس کنکشن، صارفین آن لائن درخواست دے سکیں گے

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس اقدام کو زرعی شعبے کی جدید کاری اور کسانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی والے ٹریکٹرز سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کا بوجھ کم ہوگا اور صوبے بھر میں فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

اعداد و شمار کے مطابق 98 فیصد درخواست گزاروں نے مقامی طور پر تیار کردہ ٹریکٹرز کو ترجیح دی، جبکہ صرف 2 فیصد نے درآمدی مشینری کیلئے اپلائی کیا۔

اس رجحان کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی کمپنیاں بھی پنجاب میں ڈیلرشپ اور دفاتر قائم کر رہی ہیں تاکہ جدید زرعی مشینری کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔

یہ پروگرام نہ صرف کسانوں کیلئے ریلیف کا باعث ہوگا بلکہ مقامی زرعی صنعت اور دیہی معیشت کو بھی مستحکم کرے گا۔