نئے گیس کنکشن: صارفین آن لائن درخواست دے سکیں گے
ملک بھر کے گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشن کے نئے طریقہ کار کا اعلان کر دیا گیا
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے نئے گیس کنکشنز کے لیے جامع منصوبہ بندی کے اجلاس کی صدارت کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر کے گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشن کے نئے طریقہ کار کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے تحت اب صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آن لائن درخواست دینے کا طریقہ متعارف کرایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وہ تمام درخواست گزار جنہوں نے ڈیمانڈ نوٹ کی ادائیگی کر رکھی ہے، انہیں اس نئی پالیسی میں شامل کیا جائے گا اور ان کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز ایک اہم اجلاس وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایم ڈی سوئی کمپنیز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نئے کنکشنز کے لیے جامع منصوبہ بندی پر بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی بچت کی سکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل

اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے سال میں گھریلو صارفین کو بڑی تعداد میں آر ایل این جی کنکشن فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی اور گیس کنکشنز کا حصول پہلے کی نسبت زیادہ آسان ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جائے گا۔
صارفین کو سہولت دینے کے لیے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ روایتی طریقہ کار کے مطابق مقامی دفاتر میں درخواست جمع کرانے کے بجائے سوئی کمپنیوں کی سرکاری ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی اپنی درخواست جمع کرا سکیں گے۔ آن لائن سسٹم کے ذریعے درخواست گزار گھر بیٹھے اپنی فائل جمع کر سکیں گے اور اس کی پراسیسنگ کے مراحل کو بآسانی ٹریک کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ایل این جی گھریلو استعمال کے لیے محفوظ اور مؤثر ایندھن ہے، جو ایل پی جی کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد سستا بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور توانائی کے وسائل تک ان کی رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق توانائی کے شعبے میں شفافیت اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔