
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا اب وزیراعظم بننا ناممکن ہے، اب پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا ہے، لہٰذا اس حوالے سے تمام قیاس آرائیاں دم توڑ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہوا ہے۔
فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے سعودی عرب کے ساتھ معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی اور دوسری عسکری قوت ہے، جب یہ دونوں قوتیں اکٹھی ہوں تو دنیا اس کو ورلڈ سپر پاور ہی تسلیم کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا کہ پاکستان کیخلاف جارحانہ عزائم رکھنے والوں کو اب سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ دشمن قوتوں کے پاس دو ہی راستے ہیں، یا تو وہ ٹیبل پر بیٹھ کر معاملات حل کریں یا پھر مزید ذلت اور ناکامی کا سامنا کریں۔
یہ بھی پڑھیں:حامد خان بھی سینیٹ قائمہ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی
دوسری جانب سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بیان مستقبل کے سیاسی منظرنامے پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک میں سیاسی کشمکش اور قیادت کے حوالے سے قیاس آرائیاں عروج پر ہیں۔