نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں نئی سہولیات شامل کر دیں
NADRA
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے شہریوں کو پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں ایک نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی ۔

یہ سہولت ابتدائی طور پر پنجاب کے اضلاع جہلم، چکوال اور ننکانہ صاحب کی یونین کونسلوں میں متعارف کرائی گئی ہے۔ ان علاقوں کا انتخاب ترجیحی بنیادوں پر کیا گیا ہے کیونکہ حالیہ سیلابوں کی وجہ سے معمول کی انتظامی کارروائیاں متاثر ہوئی ہیں۔

اس نئی سروس کے ذریعے شہریوں کو یونین کونسل دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ صارفین موبائل ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، مطلوبہ دستاویزات اپلوڈ کر سکتے ہیں اور کیس کی صورتحال کو ٹریک بھی کر سکتے ہیں۔

نادرا حکام کے مطابق ادارہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس سہولت کو پورے ملک میں وسعت دینے پر کام کر رہا ہے۔ دیگر صوبوں میں بھی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جیسے ہی انتظامی اقدامات مکمل ہوں گے یہ سہولت مزید علاقوں میں بھی دستیاب ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا پاکستان رواں ماہ دوسرا سورج گرہن دیکھے گا؟

حکام کا مزید کہنا ہے کہ یہ اقدام نادرا کی مجموعی ڈیجیٹلائزیشن حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد شہری سہولیات کو کاغذی کارروائی کے بغیر اور زیادہ آسان بنانا ہے۔