موٹروے شدید سیلاب کے باعث بند
Motorway closure
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ ملتان-سکھر موٹروے (M-5) کو سیلاب کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

NHMP کے ترجمان کے مطابق جو گاڑیاں ملتان سے سکھر کی طرف جا رہی ہیں وہ شاہ شمس انٹرچینج سے نکل کر نیشنل ہائی وے استعمال کریں اور دوبارہ موٹروے پر اُچ شریف انٹرچینج سے داخل ہوں۔

سکھر سے ملتان جانے والے مسافروں کو اُچ شریف انٹرچینج سے موٹروے چھوڑنے، نیشنل ہائی وے پر سفر جاری رکھنے اور شیر شاہ انٹرچینج سے دوبارہ M-5 پر داخل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ٹریفک کی رہنمائی اور نگرانی کے لیے پٹرول افسران اور روڈ گائیڈز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

موٹروے کی بندش اس فیصلے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے جب وفاقی حکومت نے جلال پور پیروالا اور آس پاس کے علاقوں کو بچانے کے لیے M-5 کے ساتھ کنٹرولڈ شگاف ڈالنے کی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری

یہ فیصلہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں پنجاب، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ موٹروے پر پانچ مختلف مقامات پر سیلاب سے نقصان ہوا ہے جس کی وجہ سے ملتان، لودھراں اور بہاولپور کے دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ ملتان سے اُچ شریف تک کا حصہ بند ہے اور NHA کی ٹیمیں ٹریفک کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔