گلگت بلتستان و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف وہراس
گلگت بلتستان، استور ، سکردو اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
فائل فوٹو
گلگت: (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان، استور ، سکردو اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 25 کلو میٹر زیر زمین تھی جبکہ زلزلے کا مرکز سکردو سے جنوب مغرب کی جانب 34 کلو میٹر دور تھا۔

زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم خوش قسمتی سے زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی فی الحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

ذرائع کے مطابق مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔

زلزلے کیوں آتے ہیں؟

ماہرین ارضیات کے مطابق زلزلے زمین کی اندرونی تہوں میں موجود ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکت کی وجہ سے آتے ہیں، زمین کی بیرونی پرت کئی بڑی پلیٹوں میں تقسیم ہے جو مسلسل حرکت میں رہتی ہیں، جب یہ پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں تو ان کے درمیان دباؤ پیدا ہوتا ہے جو اچانک ٹوٹنے کے بعد زمین میں لرزش پیدا کرتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے آنے کی بڑی وجوہات میں پلیٹوں کا ٹکراؤ، ان کا الگ ہونا، یا ایک دوسرے کے ساتھ رگڑ کھاتے ہوئے حرکت کرنا شامل ہیں ، زلزلے فطری عمل ہیں جنہیں روکا نہیں جا سکتا، تاہم جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کی شدت اور مرکز کے بارے میں بروقت معلومات حاصل کر کے بڑے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔