پڑھے لکھے بیروزگار افراد کیلئے نوکریوں کا اعلان
Punjab CTIs jobs 2025
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے پڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں کیلئے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے سرکاری کالجز میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 8,084 کالج ٹیچنگ انٹرنز (CTIs) بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔

ان بھرتیوں سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

محکمے کے مطابق بھرتیوں میں 5 فیصد کوٹہ اقلیتوں، 3 فیصد معذور افراد اور 0.5 فیصد ٹرانسجینڈر کمیونٹی کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

سروس کا دورانیہ

انٹرمیڈیٹ کلاسز: سی ٹی آئیز کو 7 ماہ کے لیے تعینات کیا جائے گا (یکم اکتوبر 2025 تا 30 اپریل 2026)۔

بی ایس پروگرامز: سی ٹی آئیز 10 ماہ تک خدمات انجام دیں گے (یکم اکتوبر 2025 تا 31 جولائی 2026) یا جب تک مستقل اساتذہ تعینات نہ ہو جائیں۔

اہلیت کا معیار

امیدوار کے پاس کم از کم بی ایس یا ماسٹرز ڈگری (سیکنڈ ڈویژن) ہونی لازمی ہے، جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی ہولڈرز کو ترجیح دی جائے گی۔ میرٹ کا تعین تعلیمی ریکارڈ، اعلیٰ ڈگریوں، بورڈ/یونیورسٹی پوزیشنز اور انٹرویو کی کارکردگی پر ہوگا۔

ماہانہ تنخواہ

انٹرمیڈیٹ لیول: 50 ہزار روپے

بی ایس/گریجویٹ لیول: 60 ہزار روپے

ادائیگیاں براہِ راست بینک اکاؤنٹ میں کی جائیں گی۔

شرائط و ضوابط

ان آسامیوں کیلئے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں۔ سی ٹی آئیز کو ماہانہ دو عام چھٹیاں ملیں گی، تاہم ٹی اے/ڈی اے نہیں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ تقرریاں عارضی نوعیت کی ہوں گی اور غیر تسلی بخش کارکردگی پر فوری ختم بھی کی جا سکتی ہیں۔ تمام بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ پر ہوں گی، جبکہ جعلی دستاویزات جمع کرانے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔