
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز فلڈ ریلیف کیمپ سے جلالپور پیروالا سٹی کے حفاظتی بند پر پہنچ گئیں، جلالپورپیروالا بائی پاس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دیکھ کر لوگ جمع ہوگئے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے جلالپور پیروالا کے لئے مستقل حفاظتی بند بنانے کا اعلان کیا اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو جلالپور پیر والا میں انخلا آپریشن کی مانٹیرنگ اور قیام کی ہدایت کی۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے اُچ شریف کے لئے گیلانی ایکسپریس وے پراجیکٹ جبکہ جلالپور پیروالا کے سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی پیکیج کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے لئے 10،10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا، سیلاب سے منہدم ہونے والے مکمل گھر پر 10 لاکھ اور کمرہ وغیرہ گرنے پر5 لاکھ امداد کا اعلان کیا، بڑے مویشیوں کےضیاع پر 5 لاکھ اور چھوٹے جانور کے لئے 50 ہزار روپے امداد دینے کا علان کیا۔
سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی ٰ مریم نواز نے کہا کہ محمد نواز شریف کی بیٹی ہوں، اپنا ہر وعدہ پورا کروں گی، سیلاب سے متاثرہ ایک ایک فرد کا نقصان پورا کریں گے، انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں دے سکتامگر جاں بحق افراد کے ورثا کے لئے جو بھی ممکن ہوا، کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خود چل کر اپنے جلالپورپیروالا کے مصیبت زدہ بہن بھائیں کے پاس آئی ہوں، جلالپور پیروالا میں بہت سے لوگ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں سب کوریسکیو کرنا ہے، سیلاب میں گرنے والے سب کے گھر بنا کر دینا چاہتی ہوں، سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں، جب تک پانی نہ اترے گھر نہیں جانا۔
مریم نواز نے کہا کہ سب کو بچانے کی پوری کوشش کررہے ہیں، بہت بڑا سیلاب اور بہت بڑی تباہی آئی ہے، سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے کو واپس نہیں لاسکتے مگر ان کے ورثا کے ساتھ پوری ہمدردی ہے اور ان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ کے حکم پر کسی کا زور نہیں چلتا، لیکن ہر فرد کے لئے پوری کوشش کررہے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے جلالپور پیروالہ میں گورنمنٹ کالج جلالپور پیر والا فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں وہ سیلاب متاثرین میں گھل مل گئیں ، وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرہ خواتین کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اور سیلاب متاثر ہ بچوں سے اظہارِ شفقت کیا۔
اس موقع ہر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا، سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی کھانے کا مینیو خود وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترتیب دیا، مریم نواز شریف خود ڈش لیکر آئیں اور بچوں کوکھانا پلیٹ میں ڈال کر پیش کیا، ننھے بچے کے منہ میں نوالہ ڈالا اور پیار کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثر ین بچوں اور خواتین میں خود پھل بھی تقسیم کیے، وزیر اعلیٰ بزرگ خاتون کو دیکھ رک گئیں ، انہیں کھانا پیش کیا اور ساتھ ملکر کھایا،مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ خواتین کو دلاسہ دیا اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کو امدادی رقوم کے چیک دیئے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہچکیاں لیکر رونے والی خاتون کو گلے لگا لیا اور تسلی دی۔
ایک بزرگ خاتون نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر مشکل وقت آیا تو ہم روتے تھے، آج ہم تکلیف میں ہیں تو آپ ہمارے ساتھ ہیں، قائدمحمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا سیلاب متاثرین کادکھ باٹنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں گندم کے سٹاک کو ڈکلیئر کرنے کیلئے 3 دن کی مہلت
بزرگ شہری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ"حیاتی ہووے، ساڈی دھی آئی اے" ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثر ہ خواتین کیساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، مریم نواز شریف برقعہ پوش بزرگ خاتون کے ساتھ بیٹھ گئیں، حال دریافت کیا اور دلاسہ دیا، وزیراعلیٰ نے نے کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے سیلاب متاثرین میں فوڈ پیکٹ تقسیم کئے اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے فوڈ پیکٹ اور دیگر امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔



