
رپورٹس کے مطابق فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں جاری تھیں کہ اسی دوران پوری عمارت دھماکے سے منہدم ہوگئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کے فوراً بعد زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ حادثے کے نتیجے میں فائربریگیڈ اور ریسکیو ٹیم کے کئی اہلکار ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں۔ فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کے ساتھ بڑی تعداد میں مقامی شہری بھی ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں۔
تاحال متاثرہ افراد کی درست تعداد اور زخمیوں کی حالت کے بارے میں تصدیق نہیں ہوسکی، تاہم ریسکیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو بروقت نکالا جائے۔
کراچی : نیو کراچی صباء سینما کے قریب فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جو تیزی سے قریبی عمارتوں تک پھیل گئی ہے۔ گارمنٹس فیکٹری میں ریسکیو آپریشن کے دوران عمارت کی تین منزلیں زمین بوس ہوگئیں، متعدد ریسکیو اہلکاروں کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ ہے۔ صورتحال نہایت سنگین۔#KarachiTimes #Fire pic.twitter.com/POitwCWS7B
— Karachi Times (@KarachiTimes123) September 9, 2025
حادثے کے بعد علاقے میں کشیدگی اور افراتفری کا ماحول بن گیا، جبکہ اطراف کی سڑکیں عوام کے رش اور امدادی سرگرمیوں کے باعث بند ہوگئی ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مزید ہیوی مشینری اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔