ٹنڈو محمد خان: شدید بارش، تعلیمی اداروں میں 9 ستمبر کو چھٹی کا اعلان
سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں موسلادھار بارش کے باعث 9 ستمبر کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
فائل فوٹو
ٹنڈو محمد خان: (سنو نیوز) سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں موسلادھار بارش کے باعث 9 ستمبر کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان نے ضلع بھر کے تعلیمی ادارے کل 9 ستمبر کو بند رکھنے کے احکامات جاری کردیے۔

ڈی سی ٹنڈو محمد خان آفس کی جانب سے جاری احکاما ت میں کہا گیا ہے کہ ضلع بھر میں شدید بارش کے باعث تمام سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز 9 ستمبر کو بند رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر کے حکم پر تمام تعلیمی سرگرمیاں اور نصابی پروگرام معطل کر دیے گئے، ڈپٹی کمشنر نے طلبہ و والدین کو موسم کی ایڈوائزری پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مزید احکامات تک کلاسز دوبارہ شروع کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ پنجاب میں سیلابی صورتحال کے بعد دریاؤں کا پانی دریائے سندھ میں داخل ہو رہا ہے جبکہ شدید طوفانی بارشوں کے باعث بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے بھی سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹس جاری کیے گئے ہیں اور دریائے سندھ کے قریبی علاقوں کو پیشگی خالی کر کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔