
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ستمبر کے مہینے میں پشاور میں جلسہ کرنے کی ہدایت کی ہے، پارٹی کارکنان جلسے کے لیے تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا جلسہ حقیقی آزادی اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ہو گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت ہے کہ سیلابی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جلسہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسے کی تاریخ کا اعلان جلسے کے انعقاد سے 5 دن قبل کروں گا تاکہ لوگوں کو تیاری کو موقع مل سکے، ہم حق کی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں سب کو شرکت کرنا ہو گی، اس جلسے کو پاکستان کی تاریخ کا یادگار جلسہ بنانا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: مشیر خزانہ کے پی نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
علی امین نے کہا کہ جلسے سے مخالفین اور پوری دنیا کو پیغام دینا ہے کہ عوام کیا چاہتی ہے، پوری قوم حقیقی آزادی کی جنگ میں عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شروع کی گئی حقیقی آزادی کی جنگ ضرور کا میاب ہو گی۔
انہوں نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ جلسے کے لیے بھرپور تیاری کریں،جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہو گا، میں اس جلسے کی میزبانی کروں گا سب اس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔