
مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پر فارورڈ بلاک بنانے اور پارٹی پالیسی کیخلاف ووٹ ڈالنے کا الزام ثابت ہوا۔
اطلاعات کے مطابق حاجی گلبرخان کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی دیگر ارکان کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
منحرف رکن اسمبلی سید امجد زیدی کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا، جبکہ ناصر علی خان، دلشاد بانو، فضل الرحیم اور ثریا زمان کو بھی فارغ کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں منحرف ارکان اسمبلی راجہ اعظم خان اور راجہ جلال حسین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت کیلئے دو روز کی مہلت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:علیمہ خان کو انڈا مارنے کا عمل ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے: سعد رفیق
مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری نے واضح کیا کہ اگر حاجی گلبرخان یا دیگر منحرف اراکین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا نام، جھنڈا یا عہدہ استعمال کیا تو ان کیخلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ فارورڈ بلاک کے قیام نے پارٹی ڈسپلن کو نقصان پہنچایا ہے، اس لیے قیادت کو سخت فیصلے کرنا پڑے۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ تنظیمی ڈھانچے کو مستحکم رکھنے اور آئندہ سیاسی حکمت عملی کیلئے اندرونی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط لازمی ہے۔