علیمہ خان کو انڈا مارنے کا عمل ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے: سعد رفیق
سینئر رہنما مسلم لیگ ن وسابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو انڈا مارنے کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر رہنما مسلم لیگ ن وسابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو انڈا مارنے کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کو انڈا مارنا شرمناک ، گھٹیا پن اور بازاری حرکت کے سوا کچھ نہیں، یہ عمل ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیر میاں نواز شریف پر جوتا اچھالنا اور خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنا بھی اسی فاشسٹ سوچ کا نتیجہ تھا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بستر مرگ پر پڑی بیگم کلثوم نواز شریف کے ہسپتال کے سامنے ہڑبونگ مچانا، مریم اورنگ زیب پر مسجد نبوی شریف میں حملہ بھی اسے غلیظ مائنڈ سیٹ کا شاخسانہ تھا، احسن اقبال پر گولی چلانا قابل مذمت مذہبی انتہا پسندی تھی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ افسوس ، زہر کے بیج بو کر تریاق کا پھل نہیں کاٹا جا سکتا ، ہر سطح پر اس طرز ِ عمل کی حوصلہ شکنی ، مذمت اور اس کے خلاف مزاحمت لازم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان کو انڈہ پڑ گیا، ویڈیو وائرل

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر راولپنڈی میں میڈیا گفتگو کے دوران انڈا پھینکنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس پر پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور موقع سے دو لڑکیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق انڈا پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، واقعہ میں ملوث خواتین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔