ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر، وجہ سامنے آگئی
ملک بھر میں ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی جس کے باعث صارفین کو ڈیٹا اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے
ملک بھر میں ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی جس کے باعث صارفین کو ڈیٹا اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ کی رفتار میں غیر معمولی کمی کی وجہ سعودی عرب کے شہر جدہ کے قریب سمندری انٹرنیٹ کیبلز میں پیدا ہونے والی خرابی بتائی جا رہی ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ کے ترجمان نے اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ کیبلز میں خرابی کے باعث SMW4 اور IMEWE جیسے اہم بین الاقوامی کیبل سسٹمز کی بینڈوڈتھ جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ اس وجہ سے پاکستانی صارفین کو خاص طور پر مصروف اوقات کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور سروس کے معیار میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک سالانہ امتحانات: نئی رول نمبر سلپس جاری کرنے کا اعلان

ترجمان کے مطابق پی ٹی سی ایل نے فوری اقدامات کرتے ہوئے متبادل بینڈوڈتھ پر کام شروع کردیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ مشکلات نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بین الاقوامی شراکت دار ادارے بھی خرابی کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں جبکہ پاکستان میں مقامی ٹیمیں اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ سروس میں رکاوٹ کو کم سے کم رکھا جائے۔
یاد رہے یہ پہلی بار نہیں کہ سمندری کیبلز میں خرابی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ متاثر ہوا ہو۔ اس سے قبل بھی مختلف اوقات میں ایسے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں جن سے کاروبار، آن لائن تعلیم، ای گورننس اور عام صارفین کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ خاص طور پر فری لانسنگ اور آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ افراد کے لئے انٹرنیٹ کی یہ سست روی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صارفین کو اس دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ مرمت اور بحالی کا عمل کچھ وقت لے سکتا ہے۔ تاہم امید ظاہر کی گئی ہے کہ جلد ہی بین الاقوامی شراکت دار اداروں کی مدد سے خرابی دور کر دی جائے گی اور انٹرنیٹ سروس معمول پر آ جائے گی۔