
یہ خصوصی تقریب اسلام آباد کالج فار بوائز (ICB) جی-6 میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وزیر مملکت وجیہہ قمر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ٹاپ 21 طلباء کو ان کی شاندار کامیابیوں پر اعزازات سے نوازا گیا۔
FDE کی ڈائریکٹر اکیڈمکس رفعت جبین نے نتائج پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس سی (SSC-II) امتحانات میں 13,731 امیدواروں میں سے94 فیصد کامیاب ہوئے جبکہ اوسط 3.8 GPA رہا۔
ایچ ایس ایس سی (HSSC-II) میں 12,078 میں سے81 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے جنہوں نے اوسط 3.02 GPA حاصل کیا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو مبارکباد دی اور کہا کہ تعلیم ملک کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں مزید کہا کہ طلباء کی یہ کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر طالبات کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ جب لڑکیوں کو مواقع دیے جائیں تو وہ ہمیشہ شاندار نتائج دیتی ہیں۔
وزیر مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ تعلیم صرف علم ہی نہیں دیتی بلکہ نوجوانوں میں اقدار، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا شعور بھی پیدا کرتی ہے۔
تقریب میں وفاقی سیکریٹری تعلیم ندیم محبوب نے بھی طلباء کو مبارکباد دی اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
FDE کے پریس ریلیز کے مطابق، تقریب کا اختتام ایک ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے ہوا جس میں نمایاں طلباء کو اعزازات دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیلاب کے باعث میٹرک کے امتحانات ملتوی
FDE کے ڈائریکٹر جنرل سید جنید اخلاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا مقصد طلباء کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی محنت کو تسلیم کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ FDE کے زیرِ انتظام اسکولوں اور کالجوں کے نتائج مسلسل بہتر ہو رہے ہیں جو طلباء اور اساتذہ دونوں کی کمٹمنٹ کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب وفاقی و ریاستی وزراء اور سیکریٹری تعلیم کی ہدایات پر منعقد کی گئی تاکہ طلباء کو مزید بلند حوصلوں کے ساتھ تعلیم جاری رکھنے کی ترغیب دی جا سکے۔