اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد، لاہور اور پشاور: (سنو نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

جڑواں شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور ، چکوال، پشاور ، ایبٹ آباد، بونیر، لوئر دیر، چارسدہ اور شانگلہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کے علاوہ نوشہرہ، صوابی، مانسہرہ، بالاکوٹ، دیر، ملاکنڈ، سوات ، کرک اور چترال سمیت گردو نواح میں زلزلے سے زمین لرز اٹھی۔

زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے، خوش قسمتی سے زلزلے کے باعث کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان ریجن تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 111 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہمسایہ ملک افغانستان میں شدید زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی دیکھنے میں آئی تھی، افغانستان میں زلزلے کے باعث ڈیڑھ ہزار سے زائد لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا جبکہ افغان زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھی روانہ کیا گیا تھا۔