بلوچستان میں 6 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان
Balochistan Public Holiday
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں 6 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

اس دن ملک بھر میں یوم دفاع کے ساتھ ساتھ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوں گی، تمام سرکاری ادارے اس موقع پر بند رہیں گے۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ یوم دفاع کے موقع پر وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، جبکہ 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں محافل میلاد، جلوس اور مذہبی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے بھی 5 اور 6 ستمبر کو صوبے بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔

سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات کے دوران سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور دیگر ادارے بند رہیں گے۔

بلوچستان اور سندھ میں تعطیلات کے ان اعلانات کے بعد شہریوں کو مذہبی و قومی دنوں کے موقع پر زیادہ سہولت ملے گی، اور لوگ اپنی عبادات اور تقریبات میں بھرپور شرکت کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ یوم دفاع ہر سال 6 ستمبر کو 1965 کی جنگ میں وطن عزیز کا دفاع کرنے والے شہداء اور غازیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے، جبکہ عید میلاد النبی ﷺ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے ایمان افروز دن ہے، جسے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔