پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے: امریکی ناظم الامور
 امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی 15 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی 15 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسلام آباد میں تعینات امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں شراکت داری بڑھانے کی ترغیب دی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر زور دیا۔

نٹالی بیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جی ڈی پی 412 ارب ڈالر ہے جو 2050 تک 3.3 کھرب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، پاکستان عالمی سطح پر 10 سے 15 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات، آئی سی ٹی، زراعت، توانائی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں کاروباری شراکت داری بڑھانے پر غور کرنا چاہیے۔

امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ اس موقع کو منافع بخش منصوبوں اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے استعمال کریں ۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے جس کی 250 ملین آبادی ہے، پاکستان کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر کی ہے، یہ دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے کم عمر صارفین کی منڈیوں میں سے ایک ہے، امریکی سرمایہ کار پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ شراکت داری تلاش کریں۔