مریم نواز کا مسجد پر اپنی تصویر لگانے کا نوٹس، وضاحت طلب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین میں ایک مسجد پر اپنی تصویر آویزاں کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے وضاحت طلب کرلی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین میں ایک مسجد پر اپنی تصویر آویزاں کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیا/فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین میں ایک مسجد پر اپنی تصویر آویزاں کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے وضاحت طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین میں ایک مسجد کے داخلی دروازے پر مریم نواز کی بڑی تصویر آویزاں کی گئی تھی۔ اس معاملے کی خبر وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچی تو انہوں نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر کو طلب کرتے ہوئے وضاحت مانگی کہ آخر کس کی ہدایت پر یہ اقدام کیا گیا۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ مذہبی مقامات کو سیاست یا ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے سخت سرزنش کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف عوام میں غلط تاثر پیدا کرتے ہیں بلکہ حکومت کی پالیسی کے بھی منافی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری اداروں اور انتظامی افسران کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے مکمل طور پر اجتناب کیا جائے اور اس ضمن میں بنائے گئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود اور خدمت ہے، نہ کہ ذاتی تشہیر۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ عوامی اداروں کا کام خدمت کرنا ہے، نہ کہ ذاتی شخصیات کی تصاویر لگا کر نمائش کرنا۔