مون سون بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری
 نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 18 افراد جاں بحق ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 7،آزاد کشمیر میں 7 اور خیبر پختونخوا میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں سے مختلف حادثات میں 29 افراد زخمی ہوئے،گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 23،خیبر پختونخوا میں 6 افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ 26 جون سے اب تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات اور سیلابی صورتحال میں مجموعی طور پر 881 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار 176 زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کے دوران 223 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 648 زخمی ہوئے، 26 جون سے اب تک خیبرپختونخوا میں 488 افراد جاں بحق جبکہ 359 زخمی شامل ہیں۔

اسی طرح 26 جون سے اب تک آزاد کشمیر میں 37 افراد جاں بحق جبکہ 31 زخمی ہوئے، 26 جون سے اب تک گلگت بلتستان میں 41 افراد جاں بحق جبکہ 52 زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 26 جون سے اب تک ملک بھر میں 6 ہزار 180 مویشی ہلاک ، 9 ہزار 206 مکانات تباہ جبکہ 239 پل ٹوٹ گئے۔