وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی طور پر منظوری دے دی،وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو بھی عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں میں شریک کرنے کی خصوصی ہدایت کردی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں، انہیں عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں میں ضرور شریک کیا جائے۔
عید میلادالنبیﷺ کے روز پنجاب کے تمام اضلاع کے سیلاب متاثرین میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی، جمعہ کے روزسکول اسمبلی میں سرور کائناتؐ کے حضور ہدیہ نعت پیش کیا جائے گا۔
اسی طرح یونیورسٹی، کالجز اور سکولوں میں محافل میلاد میں خصوصی طور پر ملک و قوم کی سلامتی اور سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا عشرہ رحمت للعالمین ﷺ شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان
جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تمام جیلوں میں قیدیوں میں بھی خصوصی طورمٹھائی تقسیم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید میلاد النبی ؐپر سرکاری عمارتوں کی سجاوٹ اور چراغ کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کا ہر شہری سیلاب متا ثرین کی مدد اور بحالی کے لئے ایثار، محبت اور خدمت کے حضور ﷺ کے اسوہ حسنہ کو زندہ کرے، سیلاب متاثرین کی مدد کرکے ہم نے نبی اکرم ﷺ کی انسانیت سے محبت، رحمت اور خدمت کے پیغام کو عام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی رحمت ﷺ کے شایان شان تقاریب کا اہتمام کیا جائے، عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے راستوں کو خوبصورت بنایا جائے، صفائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں، تمام شہروں میں میلاد کی محافل منعقد ہوں گی جن میں خاتم النبیاءﷺ کی سیرت پاک کو بیان کیاجائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ آقاکریم ﷺ کی سنت اطہر کی پیروی میں ہی ہم سب کی دنیا اور آخرت کی نجات ہے، میلاد کی محافل میں گل ہائے عقیدت پیش کئے جائیں اور پاکستان کی ترقی اور امن کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے بھی نبی اکرم ﷺ کا 1500واں سال ولادت انتہائی عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا تھا کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ یکم تا 12 ربیع الاوّل منایا جائے گا، قومی و صوبائی سطح پر 12 روز تک سیرت پاک ﷺ کے حوالے سے تقاریب منعقد کی جائیں گی۔