
ذرائع کے مطابق بھارت نے سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیئے جس سے دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک کا ریلہ چھوڑا گیا ہے، آئندہ دو روز میں بڑا سیلابی ریلہ ہیڈ مرالہ پہنچ سکتا ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے اگلے 36 گھنٹوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام سپل ویز کھولے جانے کی اطلاعات ہیں، بھارت نے آفیشلی دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کی وارننگ نہیں دی، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی دی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ 2 روز میں بڑا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ کے مقام تک پہنچ سکتا ہے، ریلے سے دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے لیے ہائی الرٹ رہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز تمام افسران کی موجودگی کو فیلڈ میں یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے چناب میں طغیانی، 100 سے زائد دیہات زیر آب
دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا ہے کہ آئندہ تین سے چار روز میں مزید بارشیں متوقع ہیں ، سیلابی صورتحال سےنمٹنےکیلئےتمام ادارے مربوط اندازمیں کام کر رہےہیں،بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام دریاؤں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے، متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے،متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی اولین ترجیح ہے، این ڈی ایم اےاضلاع کی انتظامیہ سےمکمل رابطےمیں ہے، آئندہ 10روزتک ارلی وارننگ الرٹ کاسلسلہ جاری رہےگا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 850 جانوں کا نقصان ہوا ہے،سیلاب کے پہلے مرحلے میں زیادہ سے زیادہ انسانی جانیں بچائی ہیں۔



