عمران خان کے طبی معائنے کی درخواست، سماعت کل تک مؤخر
PTI Founder Medical Examination
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق درخواست کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں کل تک ملتوی کر دی گئی۔

عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر درخواست گزار کے وکلاء اپنے دلائل مکمل طور پر پیش کریں۔

یہ درخواست عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنے وکلاء فیصل ملک، خالد یوسف چوہدری اور تابش فاروق کے ذریعے دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آنکھوں میں دباؤ اور دھندلا دیکھنے کی شکایت کی تھی، لہٰذا ان کے مکمل طبی معائنے کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے خصوصی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کے ذاتی معالجین کو بھی میڈیکل بورڈ کا حصہ بنایا جائے جبکہ ڈاکٹر فیصل اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سربراہ امراض چشم پروفیسر فواد احمد پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:بیرسٹر گوہر سمیت 18 ارکان کے کمیٹیوں سے استعفے سپیکر آفس پہنچ گئے

 

 

مزید یہ بھی کہا گیا کہ عدالت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فوری طور پر میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے تاکہ ان کی صحت کے حوالے سے حقائق سامنے آسکیں۔

درخواست گزار نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان گزشتہ 2 سال سے قید میں ہیں اور ان کا آخری طبی معائنہ 4 نومبر 2024 کو ہوا تھا۔ متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود اب تک ان کا دوبارہ معائنہ نہیں کیا گیا۔ عدالت نے معاملے پر مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔