پاکستان اوربیلاروس کے درمیان ہنرمندوں کو روزگار کی فراہمی کا معاہدہ
 پاکستان اور بیلاروس کے مابین سکلڈ ورک فورس کو روزگار کی فراہمی سے متعلق ایم او یو طے پا گیا۔
فوٹو بشکریہ سرکاری میڈیا
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان اور بیلاروس کے مابین سکلڈ ورک فورس کو روزگار کی فراہمی سے متعلق ایم او یو طے پا گیا۔

پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور بیلاروس کے وزیر داخلہ آئیوین کبراکوف نے ایم او یو پر دستخط کیے، وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چودھری، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایم او یو کے تحت پاکستانیوں کو بیلاروس میں روزگار کی فراہمی کے حوالے سے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے، پاکستانی ورکرز کے بیلاروس میں حقوق کے تحفظ کے حوالے سے جامع فریم ورک بنایا جائے گا، ٹیکسٹائل، توانائی اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں ابتدائی طور پر پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔

معاہدے کے مطابق پاکستانی ہنر مند کارکنوں کی تربیت اور بھرتی کے لیے لیبر موبیلٹی کوریڈورز قائم کیے جائیں گے، بیلاروس میں روزگار کے لیے پاکستانیوں کی پیشہ وارانہ اور لسانی تربیت کے لیے پائلٹ پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا پیرس – پاکستان پروازوں پربڑی رعایت کا اعلان

ایم او یو کے تحت بیرون ملک روزگار کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے مائیگرنٹ ریسورس سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، منتخب پاکستانی ورکرز فیملی کے ہمراہ بیلاروس جاسکیں گے، ایم او یو پر عملدرآمد کیلئے پاکستان اور بیلاروس کے مابین جوائنٹ ٹیکنیکل گروپ قائم کیا جائے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان ورک فورس کی فراہمی کے حوالے سے دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر ہے، روزگار کی فراہمی کیلئے پاکستان اور بیلاروس کے متعلقہ اداروں کے مابین اشتراک کو فروغ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر، کنسٹرکشن، ٹیکسٹائل اور توانائی کے شعبوں میں بیلاروس کو ورک فورس فراہم کرسکتے ہیں، اگلے ماہ سے بیرون ممالک روزگار کیلئے جانے والوں کیلئے ہنر سیکھنا لازمی قرار دے رہے ہیں۔

چودھری سالک حسین نے مزید کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کیلئے وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کی معاونت سے سخت اقدامات کر رہے ہیں۔