سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کی ایئرپورٹس کے آڈٹ کیلئے پاکستان آمد
 سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم پاکستان کے بین الاقوامی ایئرپورٹس کے آڈٹ کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔
سعودی وفد کی پاکستان آمد پر لی گئی تصویر
کراچی: (ارشاد سنجرانی) سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم پاکستان کے بین الاقوامی ایئرپورٹس کے آڈٹ کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔

ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی گاکا کی ٹیم نے لاہور اور ملتان ایئرپورٹس کا سکیورٹی آڈٹ شروع کردیا ہے، سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم بین الاقوامی ایئرپورٹس پر سعودی عرب جانے والی پروازوں کے انتظامات کا بھی جائزہ لے گی۔

ذرائع کے مطابق سعودی ایوی ایشن مجموعی طور پاکستان کے 8 بین الاقوامی ایئرپورٹس کا سکیورٹی آڈٹ کرے گی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سعودی ایوی ایشن اتھارٹی ٹیم کی معاونت کر رہی ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی ایئرپورٹس پر پسنجر سروسز، سامان کی اسکیننگ اور کھانے سمیت دیگر سکیورٹی معاملات کا بھی جائزہ لے گی۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ اسلام آباد ، پشاور ،کراچی ، کوئٹہ ، سیالکوٹ ، ملتان اور لاہور ایئرپورٹ کا سکیورٹی آڈٹ پاکستانی ایئرپورٹس کی ریٹنگ کے لیے اہم ہے، سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کے بعد امریکن فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کا وفد بھی آئندہ ماہ ستمبر میں پاکستان پہنچے گا۔