بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، اموات کی تعداد 799 تک پہنچ گئی
Monsoon rains Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلاب نے قہر ڈھا دیا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 799 ہو گئی، جبکہ ایک ہزار 80 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ خیبرپختونخوا میں ایک مرد اور 5 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ 26 جون سے جاری ہے, جس کے دوران سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا جہاں اب تک 479 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب میں 165، سندھ میں 55 اور بلوچستان میں 24 افراد جاں بحق ہوئے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 45، آزاد کشمیر میں 23 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 اموات رپورٹ ہوئیں۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں سات ہزار 175 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں سے کئی مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

اس کے علاوہ پانچ ہزار 552 مویشی بھی ہلاک ہوئے جس سے دیہی علاقوں میں کسانوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف پہنچانے کیلئے وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ اسی شدت سے جاری رہا تو مزید نقصان کا خدشہ ہے، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔