لاہور کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شمال مشرقی و مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے متعدد مقامات پر بارش متوقع ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد، گوجرانوالہ، قصور، نارووال، اوکاڑہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، مانسہرہ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، اورکزئی، کرم اور ہنگو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان میں بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، قلات، لسبیلہ اور خضدار میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، عید میلادالنبیﷺ 6 ستمبر کو ہو گی
سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، دادو، تھرپارکر، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، سانگھڑ، مٹھی، میرپورخاص اور بدین میں بھی بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں رات کے وقت موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جبکہ سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں شام یا رات کے وقت بارش کی پیشگوئی ہے۔