
چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسلام آباد لاہور، پشاور سمیت دیگر شہروں میں جاری رہے۔
اجلاس ختم ہونے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج ملک بھر میں مطلع ابر آلود رہا، آج کہیں سے بھی ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یکم ربیع الاوّل 26 اگست بروز منگل کو ہوگی جبکہ 12 ربیع الاوّل 6 ستمبر ہفتے کے روز ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سپارکو نے ربیع الاوّل کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کردی
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بابرکت مہینے کو خصوصی طور منانا ہے،نبی پاک صلی علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے، ہمارے ادارے ، پاک فوج اور انتظامیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کر رہے ہیں، سیلاب متاثرین کو خوراک، ادویات کپڑوں کی شدید ضرورت ہے ،سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے عوام کو مدد کی درخواست ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سپارکو کی جانب سے ماہ ربیع الاوّل کا چاند 24 ستمبر کو نظر آنے کی پیشگوئی کی گئی تھی تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے مشروط کیا گیا تھا۔