
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری تعلیم پنجاب خالد نذیر وٹو نے اسکولوں میں دوروں کے دوران گلدستے اور تحائف دینے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
اس سلسلے میں سیکرٹری تعلیم نے صوبے کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا کہ سرکاری دوروں پر آنے والے افسران کو خوش آمدید کہنے کیلئے گلدستے یا تحائف پیش نہ کیے جائیں۔
خالد نذیر وٹو نے ہدایت دی ہے کہ تحائف پر خرچ ہونے والی رقم کو اسکولوں اور طلباء کی فلاح و بہبود پر لگایا جائے تاکہ اصل مقصد تعلیم اور سہولیات کی بہتری ہو۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سادگی اپنائی جائے اور نمائشی کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
سیکرٹری تعلیم نے مزید کہا کہ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے تمام افسران کو اس حکم پر فوری عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا، سرکاری وسائل اور اسکولوں کا بجٹ غیر ضروری چیزوں پر ضائع کرنے کے بجائے طلباء کیلئے استعمال ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری اہلکار پر تشدد کا معاملہ، سعید غنی کابھائی گرفتار
واضح رہے کہ یہ اقدام پنجاب میں تعلیمی اداروں میں مثبت تبدیلی اور عملی اصلاحات کی طرف ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
والدین اور اساتذہ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اسکولوں کے وسائل بہتر انداز میں استعمال ہوں گے اور بچوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔