صوفی بزرگ بابا بلھے شاہؒ کے 268ویں سالانہ عرس کا آغاز
برصغیر کے عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 268 واں سالانہ عرس کا آغاز ہو گیا۔
فائل فوٹو
قصور:(سنو نیوز) برصغیر کے عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 268 واں سالانہ عرس کا آغاز ہو گیا۔

بابا بلھے شاہؒ کے عرس میں شرکت کے لیے ہزاروں زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، لوگ جوق در جوق مزار پر حاضری دے رہے ہیں، عقیدت مند دربار شریف پر چادر یں چڑھا کر اپنی عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔

ملک بھر سے آئے زائرین احاطہ دربار میں ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈال رہے ہیں، دربار کے احاطہ میں محفل مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا گیا جہاں ملک کے نامور شعراء کرام نے اپنا اپنا کلام سنا کر بابا بلھے شاہؒ کو خراج عقیدت پیش کیا، ملک کے نامور لوک گلوکار سائیں ظہور نے بھی اپنا کلام سنا کر سماء باندھ دیا۔

احاطہ دربار بابا بلھے شاہ میں رات کو دن کا سماں دکھائی دے رہا ہے، شہر بھر کی اہم شاہراہوں اور چوک چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، قصور پولیس کی جانب سے اس موقع پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے،2 ہزار سے زائد پولیس اہلکاران و افسران ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حضرت بابا بلھے شاہؒ کے عرس پر 23 اگست کو مقامی چھٹی کا اعلان

عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی جس میں محفل نعت، محفل سماع کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق عرس کی مناسبت سے 23 اگست بروز ہفتہ قصور میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ عوام بھرپور عقیدت کے ساتھ تقریبات میں شرکت کرسکیں، اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔