بیٹوں کی گرفتاری پر علیمہ خان کا ردعمل بھی آگیا
 بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بیٹوں کی گرفتاری پر ردعمل دے دیا۔
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بیٹوں کی گرفتاری پر ردعمل دے دیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکار میرے بیٹے کا گھیراؤ کرکے گاڑی سے نکال کر لے گئے،یہ سب کچھ عمران خان اور ہم پر پریشر ڈالنے کی حرکت ہو سکتی ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہم عظیم مقصد کے لیے اپنے بھائی کا ساتھ دے رہےہیں ، اگر آپ کا خیال ہے کہ ایسی کارروائیوں سے ہم ڈر جائیں گے تو ایسا نہیں ہے ، عمران خان پاکستان میں حقیقی آزادی کی بات کر رہا ہے، حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہمیں کوئی خوف نہیں، ہم سب لوگ حق کےساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ بانی کی ضمانت پر خوشیاں منانے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، ہم سب نے مل کر اپنے ملک کو بچانا ہے،عمران خان کا پیغام ہے کہ یہ مشکل وقت ہے اس کے بعد روشنی ہے، بانی نےکہا ہے کہ میں ڈٹ کے کھڑا ہوں آپ نے بھی گھبرانا نہیں۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ مجھے 80 مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، ہمیں معلوم ہے ہمیں کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے، حکومت کی بوکھلاہٹ اورخوف عیاں ہو رہا ہے۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر

‏چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کی علیمہ خان کےدوسرے بیٹے شیر شاہ کی گرفتاری ردعمل میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے فیملی ممبرز کو گرفتار کرکے سیاسی تناؤ پیدا کیا جارہا ہے، کل علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو گرفتار کیا گیا آج دوسرے بیٹے شیر شاہ کو گرفتار کیا ، ان حرکتوں سے سیاسی تناؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم کوشش کر رہے ہیں تناؤ ختم ہو تو گرفتاریاں شروع ہوجاتی ہیں، ایک طرف نااہلیاں ہورہی ہیں، وارنٹ گرفتاری جاری ہورہے ہیں تو دوسری طرف بانی پی ٹی آئی سے فیملی اور وکلا کو ملاقات نہیں کرنے دی جارہی۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آئیسولیٹ کیا جارہا ہے ، ٹی وی اور اخبار نہ دینا اور خان کی فیملی ممبر کو یکے بعد گرفتار کرنا یہ سب دوریاں پیدا کررہا ہے، ان حرکتوں سے عوام میں نفرت میں اضافہ ہو گا، یہ جو بھی سازش کر رہااس کو ختم کرنا پڑے گا۔