میٹرو اور الیکٹرک بسوں کی ریئل ٹائم ٹریکنگ کی سہولت متعارف
CDA bus tracking
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی ترقیاتی ادارے نے اپنی نئی موبائل ایپ کے ذریعے گوگل میپس پر میٹرو اور الیکٹرک بسوں کی ریئل ٹائم ٹریکنگ کی سہولت متعارف کرا دی ۔

اس اقدام کے ذریعے مسافر اب بس کے راستے، اسٹاپس اور شیڈولز براہِ راست اپنے اسمارٹ فون پر دیکھ سکتے ہیں۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق، یہ نظام الیکٹرک بسوں کے تمام فیڈر روٹس اور مکمل میٹرو بس نیٹ ورک پر محیط ہے۔

جولائی 2024 میں متعارف کرائی گئی الیکٹرک بسیں اس وقت 13 فیڈر روٹس پر چل رہی ہیں۔ ان میں فیض آباد سے نسٹ، پمز سے بری امام، پولیس لائنز سے ڈی-12، آبپارہ سے ترمری اور دیگر کئی راستے شامل ہیں۔ ویک اینڈ پر سیاحتی روٹس بھی دستیاب ہیں جیسے پمز سے دامنِ کوہ اور شکرپڑیاں جس سے سیاحتی مقامات تک رسائی آسان ہو گئی ہے۔

میٹرو بس سروس بھی اب اس نئے نظام میں شامل ہو گئی ہے۔

ریڈ لائن: صدر سے پاک سیکرٹریٹ
اورنج لائن: پشاور موڑ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ
گرین لائن: بھارہ کہو سے پمز
بلو لائن: گلبرگ سے فیض آباد
پرپل لائن: ترمری سے آبپارہ

واضح رہے کہ یہ تمام روٹس مل کر اسلام آباد کے ماس ٹرانزٹ نظام کی بنیاد بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کو بلوں میں ریلیف ملنے کا امکان

اس نئی انضمامی سہولت کے ذریعے اب شہری گوگل میپس پر بسوں کی آمد و رفت کو ریئل ٹائم میں دیکھ سکتے ہیں، قریبی اسٹاپس کی شناخت کر سکتے ہیں اور اپنے سفر کی بہتر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت نہ صرف مسافروں کی سہولت میں اضافہ کرے گی بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دے گی جس سے ٹریفک کے مسائل اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی متوقع ہے۔

سی ڈی اے موبائل ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔ صارفین اسے گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر کے آسان نیویگیشن اور بہتر سفری تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔