سرکاری حج سکیم، درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع
سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ سرکاری حج سکیم میں صرف 1640 نشستیں باقی ہیں، خالی نشستوں پر درخواستوں کی وصولی 22 اگست تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بارشوں اور ہنگامی صورت حال کے باعث درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا ہے، نشستیں مکمل ہونے پر نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی فوری روک دی جائے گی۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ساڑھے تین ہزار باقی نشستیں مکمل ہونے تک درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا اجلاس، حج 2026 کیلئے نئی پالیسی کی منظوری

ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا تھا کہ نامزد بینکوں کو حج درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا پیغام بھیج دیا گیا ہے، خواہشمند درخواست گزار جلد از جلد قریبی بینک میں حج درخواست جمع کروائیں، بقیہ ساڑھے تین ہزار نشستیں مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ توسیع پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کی گئی ہے، تاکہ وہ عازمین جو کسی وجہ سے مقررہ مدت میں درخواست جمع نہیں کراسکے تھے، وہ آخری موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

عازمینِ حج کیلئے یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ وہ مقررہ بینکوں میں درخواست جمع کراتے وقت تمام مطلوبہ دستاویزات اور فیس اپنے ساتھ رکھیں تاکہ کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔