
دورہ جاپان کے دوران یوکوہاما میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ یوکوہاما میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد دیکھ کرخوشی ہوئی، پرتپاک استقبال پر اوورسیز پاکستانیوں کی مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نےبھارت کےخلاف معرکہ حق میں عظیم کامیابی حاصل کی، پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، اقتدارسنبھالا تو ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں ہو رہی تھیں، ہماری حکومت نےملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، پاکستان میں بھی جاپان جیسی ترقی چاہتے ہیں، پی ٹی آئی دورمیں دوست ملکوں سے تعلقات خراب کیے گئے، ہماری حکومت نے سفارتی تعلقات میں بہتری کے لیے اقدامات کیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی، ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، ہماری حکومت نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ہماری حکومت نے ترقی کے سفر کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مفت سولر پینل کی فراہمی، درخواست کیسے دی جائے؟
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں عوام کومفت ادویات کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، بچوں کے علاج معالجے کیلئے مفت سرجریز کا پروگرام شروع کیا ہے، پنجاب کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنا رہے ہیں، پنجاب میں بہت جلدجاپان جیسی ترقی نظرآئے گی۔
انہوں نے کہا کہ صاف ستھراپنجاب پروگرام پرخاص توجہ دی جارہی ہے، صوبہ بھر میں سموگ کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں، پنجاب بھر میں ایئرکوالٹی انڈیکس میں بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دورحکومت میں عوام کی فلاح کا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، ہم لاہور میں ایشیا کا سب سے بڑا نواز شریف کینسر ہسپتال بنا رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف ملکی ترقی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔