صوابی: کلاؤڈ برسٹ، 15 افراد جاں بحق، امدادی کارروائیاں جاری
خیبرپختونخوا میں مون سون ایک اور سپیل کا آغاز ہو گیا، ضلع صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
فائل فوٹو
صوابی: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا میں مون سون ایک اور سپیل کا آغاز ہو گیا، ضلع صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ کی جانب سے بتایا گیا کہ کل رات سے صوابی میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ،صبح 8بجے کلاؤڈ برسٹ کی اطلاع موصول ہوئی ،گاؤں داڈوری اورسر کھوئی پایان میں کلاؤڈ برسٹ کا واقعہ سامنے آیا۔

 انہوں نے بتایا کہ 40 یا 50 گھروں کا یہ گاؤں ہے جس میں 15سے 20 گھروں کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں ، جانی نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں لیکن ابھی تک ایک بھی ڈیڈ باڈی سامنے نہیں آئی ، اب تک 15افراد کے جاں بحق ہونے کی صرف اطلاعات ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بونیر، سوات اور باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ ہوا ہے اس لئے یہاں بھی الرٹ ہے ، بند راستوں کو کھولا جا رہا ہے، کلاؤڈ برسٹ کی پہلے سے اطلاعات نہیں ہو سکتی ، ہمارے ضلع کی ٹیمیں پہلے سے بونیر میں امدادی سرگرمیوں میں لگی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون کی تباہ کاریاں، 645 جاں بحق

ڈی سی سوابی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہری پور اور دیگر اضلاع سے ٹیمیں منگوائی ہیں ، کمشنر تمام آپریشن کو خود لیڈر کررہے ہیں ، صوابی میں بعض مقامات پر ہیلی کاپٹر کی ضرورت پڑی لیکن وہاں پر ریسکیو نے خدمات دیکر امداد کی۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بھی خیبرپختونخوا میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی تھی، بونیر اور سوات میں سیلابی ریلوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیکڑوں افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔