سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کریں گے: وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور
 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا پورا پورا ازالہ کریں گے۔
فوٹو بشکریہ علی امین گنڈاپور میڈیا سیل
بونیر: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا پورا پورا ازالہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سوات اور بونیر کا دورہ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور صوبائی کابینہ کے اراکین بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کے دفتر میں حالیہ سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، پی ڈی ایم اے حکام کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کو ضلع سوات میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات، ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سوات و دیگر متاثرہ علاقوں میں ملبہ ہٹانے کے لیے دیگر اضلاع سے بھی مشینری استعمال میں لانے ،متاثرہ سرکاری و نجی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے تفصیلی سروے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے میں مختلف مقامات پر سروے کرایا گیاہے،ایسے نقصانات سے پوری نسل تباہ ہوسکتی ہے ،انہیں تحفظ دیناہے،سیلاب سے تباہ مکانات کو دوباہ تعمیر کریں گے، سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان بونیر میں ہوا، بونیرمیں پانی کےراستے میں قائم عمارتوں سے زیادہ نقصان ہوا، تجاوزات کا معاملہ آج کا نہیں کافی سال سے ہے، دوبارہ اس طرح کی قدرتی آفات کا خطرہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون کی تباہ کاریاں، جاں بحق افراد کی تعداد 645 ہو گئی

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری املاک کے نقصانات پر بحالی کے اقدامات جاری ہیں، متاثرین کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلائیں گے، صوبائی حکومت نے محکمہ مواصلات اور ریلیف و آبادکاری کے لیے 3 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام اضلاع میں راستے بحال کردیئے گئے ہیں، ہمارے پاس 2 ہیلی کاپٹر تھے ،ایک تباہ ہوگیا، فوج بھی امدادی کاموں میں مدد کررہی ہے، سیلاب سے لوگوں کا جتنا نقصان ہوا ہے صوبائی حکومت اس کا پورا پورا ازالہ کرے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 190ارب روپے انڈومنٹ فنڈ موجودہے، سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے، سیلاب متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے،وفاق کی بھی ذمہ داری ہے کہ عوام کے حقوق ادا کرے۔