عوام ایکسپریس حادثے کا شکار، ایک مسافر جاں بحق، متعدد زخمی
 لودھراں ریلوے سٹیشن کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔
فائل فوٹو
لودھراں: (ویب ڈیسک) لودھراں ریلوے سٹیشن کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔

حکام کے مطابق ٹرین حادثے میں ایک مسافر جاں بحق ہوگیا جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ، جاں بحق ہونے والے مسافر کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی ہے جو خوشاب کا رہنے والا تھا۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے حادثے کے بعد بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے فوری کارروائی کی گئی جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر لودھراں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹرین حادثے کے زخمی مسافروں کی عیادت ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لودھراں ٹرین حادثہ کے مسافروں کے آرام کیلئے کے میونسپل سٹیڈیم میں انتظامات مکمل کر دیئے گئے جبکہ ڈپٹی کمشنر لودھراں نے جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کی بذات خود نگرانی کی۔

ٹرین حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک بند ہوگئے جس کے باعث متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ حادثے کے مقام پر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک مسافر کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے، وزیر ریلوے نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔