کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کا خطرہ، فلڈ الرٹ جاری
Jhelum cloudburst alert
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے بعد صورتحال تشویشناک ہوگئی، ظفروال، شکرگڑھ اور جہلم سمیت کئی اضلاع میں ندی نالوں میں طغیانی آنے سے سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی۔

ضلعی انتظامیہ نے جہلم اور گردونواح میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے خدشے کے پیشِ نظر فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے قریبی آبادیوں کو فوری نقل مکانی کی ہدایت دی ہے۔

جاری کردہ رپورٹس کے مطابق ظفروال میں نالہ ڈیک اوور فلو ہوکر قریبی دیہات میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث ہنجلی کے مقام پر پل ٹوٹ گیا۔ اس وقت 22 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے جو نچلے علاقوں کیلئے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔

لہڑی سکروڑ سمیت قریبی دیہات میں سیلابی پانی پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے جبکہ دھان کی سیکڑوں ایکڑ پر مشتمل فصلیں بھی متاثر ہونے کے قریب ہیں۔

شکرگڑھ میں نالہ بئیں میں درمیانے درجے کا سیلاب آیا ہے اور پانی کی سطح بلند ہوکر کریل پل کی چھت کو چھونے لگی ہے۔

سکمال کوٹھے اور قریبی بستیوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ سیلابی ریلوں نے چک جیمل، فتح پور اور شاہ پور چنجھوڑا سمیت متعدد دیہات کی زرعی زمینوں کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ کٹاؤ کے باعث کسان شدید مشکلات میں ہیں۔

ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ دوسری جانب جہلم میں نالہ بنہاں اور نالہ گھان کے قریب آباد لوگوں کو حفاظتی نقطۂ نظر سے نقل مکانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ انسانی جانوں کا نقصان روکا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق اگلے 24 سے 48 گھنٹے صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی سختی سے تلقین کی گئی ہے۔