خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر کریش، 3 افراد شہید
KPK helicopter crash
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر باجوڑ جاتے ہوئے حادثے کا شکار، جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید ہوگئے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبراڑئی جا رہا تھا، جہاں گزشتہ رات آنے والے طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ متعدد مکانات زمین بوس ہوگئے، رابطہ سڑکیں اور پل بہہ گئے، جس سے متاثرہ علاقوں تک زمینی رسائی مشکل ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے مقام پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ شہداء کی شناخت اور لاشوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فوکس اس وقت سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن پر ہے، ریسکیو ٹیمیں ضلع بونیر کے متاثرہ علاقوں میں بھی پہنچ رہی ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ساتھ ہی ہدایت کی کہ جب تک سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل نہ ہو، تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، وزراء اور ناظمین متاثرہ علاقوں میں موجود رہیں تاکہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جا سکے۔