بلاول بھٹو کو سب سے بڑا سویلین اعزاز ’’نشان پاکستان‘‘ دینے کا فیصلہ
بلاول بھٹو زرداری کو ان کی کامیاب سفارتکاری اور پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے پر ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز "نشان امتیاز پاکستان" سے نوازا جا رہا ہے
بلاول بھٹو زرداری کو ان کی کامیاب سفارتکاری پر ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز "نشان امتیاز پاکستان" سے نوازا جائے گا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کو ان کی کامیاب سفارتکاری اور پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے پر ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز "نشان امتیاز پاکستان" سے نوازا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، صدر مملکت تقریب میں بلاول بھٹو زرداری کو نشان پاکستان کا تمغہ عطا کریں گے۔ اس موقع پر اعلیٰ سرکاری حکام، وفاقی وزراء، سیاسی رہنما اور غیر ملکی سفارتکار بھی شریک ہوں گے۔ ایوارڈ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جہاں ملک کی سیاسی و سفارتی شخصیات کی بڑی تعداد موجود ہوگی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی اس خصوصی تقریب کے لیے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ کے دوران مختلف اہم ممالک کے دورے کیے، جن میں اقوام متحدہ کے اجلاس، عالمی فورمز پر تقاریر اور متعدد بین الاقوامی رہنماؤں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں انہوں نے پاکستان کے موقف کو واضح طور پر پیش کیا، خطے میں امن و استحکام کے لیے اقدامات کی حمایت کی، اور بیرونی سرمایہ کاری و تعاون کے مواقع بڑھانے پر زور دیا۔

ایوارڈ تقریب میں بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی خدمات کو خصوصی انداز میں سراہا جائے گا، اور ان کے دورہ جات، ملاقاتوں اور عالمی پلیٹ فارمز پر کی گئی تقاریر کی جھلکیاں بھی پیش کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ "نشان امتیاز پاکستان" ملک کا ایک اعلیٰ سول اعزاز ہے، جو عام طور پر ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے سیاست، سفارتکاری، تعلیم، سائنس یا دیگر اہم شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دی ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری کا یہ اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پاکستان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت کی علامت بھی ہے۔