چین سے 100 الیکٹرک بسوں کا فلیٹ آج پاکستان روانہ ہو جائیگا: مریم نواز
 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چین سے 100 الیکٹرک بسوں کا فلیٹ آج رات پاکستان روانہ ہو جائے گا۔
الیکٹرک بسوں کی چین سے سامنے آنے والی تصاویر
لاہور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چین سے 100 الیکٹرک بسوں کا فلیٹ آج رات پاکستان روانہ ہو جائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا الیکٹرک بسوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چین کے یانٹائی پورٹ پر 100 الیکٹرک بسوں کا ایک اور فلیٹ لوڈ کیا جا رہا ہے، جو آج رات پاکستان روانہ ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکٹرک بسیں پنجاب کے ان اضلاع کے لیے روانہ ہوں گی جہاں پہلے پبلک ٹرانسپورٹ کا کوئی باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا، ان اضلاع میں میانوالی، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ، وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس سروس کا کرایہ صرف 20 روپے ہو گا، شہری جدید، ماحول دوست ایئر کنڈیشنڈ اور وائی فائی سے مزین سفری سہولت سے مستفید ہو سکیں ، ان بسوں میں مکمل خودکار ٹکٹنگ سسٹم نصب ہوگا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ بسیں معذور افراد کے لیے بھی قابل رسائی ہوں گی اور پنجاب کے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور پُراعتماد سفر کا تجربہ فراہم کریں گی۔

واضح رہے کہ رواں برس ہی لاہورمیں 27 الیکٹرک بسوں کو تجرباتی طور پر چلایا گیا تھا اور یہ تجربہ کامیاب رہا، لاہور میں الیکٹرک بسوں کی لانچنگ کے وقت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید الیکٹرک بسیں دیگر شہروں کے لیے بھی لانے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر اہم پیش رفت، نیا روٹ فائنل

خیال رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے الیکٹرک ٹرام سروس بھی شروع کی گئی ہے جسے فی الوقت ٹرائل کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے تاہم ٹرام کی سہولت ابھی شہریوں کیلئے شروع نہیں ہوئی۔

الیکٹرک ٹرام کے لیے ٹھوکر سے ہربنس پورہ تک روٹ فائنل کیا گیا ہے، ٹرام کو کینال روڈ کے انتہائی بائیں جانب مخصوص ٹریک پر چلایا جائے گا تاکہ ٹریفک کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔