پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم
انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے دو کیسز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا
انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے دو کیسز میں شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دیا/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے دو کیسز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سپریٹنڈنٹ جیل کو ملزم شاہ محمود قریشی کی رہائی کا مراسلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ اگر ملزم شاہ محمود قریشی کسی اور مقدمہ میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے۔ راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں رہائی کا مراسلہ جاری کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: یاسمین راشد، اعجاز چودھری و دیگر کو 10،10 سال قید کی سزا

یاد رہے گزشتہ روز لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے دونوں مقدمات کا کوٹ لکھپت جیل میں ٹرائل مکمل کیا۔ تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں 41 ملزم نامزد تھے جس میں سے عدالت نے 25 ملزموں کا ٹرائل مکمل کیا۔ ایک ملزم انتقال کر گیا اور 15ملزموں کو اشتہاری قرار دیا گیا۔

عدالت نے 13ملزموں کو سزائیں سنائیں، 12 کو بری کرنے کے احکامات جاری کئے ، عدالت نے اعجاز چودھری ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، عمر سرفراز چیمہ ، محمودالرشید ، محمد فہیم قیصر ، نیاز احمد ، سید علی حسن ،زین علی ، منفر ، محمد اسد علی ،بلال وجاہت کو دس ، دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا جبکہ عدالت نے عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو پانچ پانچ سال قید کی سزا اور ایک ،ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔

عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 12 ملزموں کو بری کر دیا ۔بری ہونے والوں میں شاہ محمود قریشی ، محمد اویس، محمد فیضان، طیب سلطان ، شاہد بیگ، سہیل خان، رفیع الدین، فرید خان، سلمان احمد، عبد القادر، ماجد علی اور بخت رواں شامل ہیں، عدالت نے 15ملزموں کو اشتہاری قرار دیدیا جبکہ ایک ملزم انتقال کرچکا۔

دوسری جانب عدالت نے بیکری کے باہر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں مجموعی طور پر 25ملزم نامزد تھے جن میں سے 10ملزموں کو سزائیں سنائیں، 7 کو بری کیا اور7 کو اشتہاری قرار دیا۔

عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ ،اعجاز چودھری ، محمود الرشید ،عائشہ علی بھٹہ ،حافظ محمد ارشد ،بلال بشیر ،محمد قاسم ،زین الحسن ،علی حسن کو دس ، دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا جبکہ شاہ محمود قریشی ، امجد خان ، ابرار احمد ، فیصل معین الدین ، محمد جمیل ، سعدیہ اور تسنیم اختر کو بری کر دیا۔ شاہ محمود قریشی کو دونوں مقدمات سے بری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ دو برس قبل نو مئی 2023 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رینجرز اہلکاروں کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس میں عسکری املاک پر بھی حملے کیے گئے تھے ۔اس کے بعد تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے نتیجے میں ملک بھر میں متعدد گرفتاریاں عمل میں آئی تھیں۔