کیمبرج اے لیول کے نتائج 2025 کا اعلان
کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن (CAIE) نے مئی – جون 2025 سیشن کے اے ایس اور اے لیول کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا
کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس اور اے لیول کے نتائج کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن (CAIE) نے مئی – جون 2025 سیشن کے اے ایس اور اے لیول کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا جس کا بے چینی سے ہزاروں طلبہ کو انتظار تھا۔

ادارے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق طلبہ اپنے نتائج کیمبرج انٹرنیشنل کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن دیکھ سکتے ہیں، جس کے لیے مخصوص پورٹل (https://myresults.cie.org.uk/cie-candidate-results/login) پر لاگ ان کرنا ہوگا۔

گروپ منیجنگ ڈائریکٹر برائے انٹرنیشنل ایجوکیشن کیمبرج روڈ سمتھ نے کہا ہے کہ ہمیں عالمی سطح پر سیکھنے والوں کی کمیونٹی کی حمایت کرنے پر فخر ہے۔ طلبہ کی سخت محنت، لگن اور غیر معمولی لچک متاثر کن ہے۔ پیپر لیکس کی تحقیقات کے بعد، متاثرہ مضامین کے طلبہ کو نومبر 2025 میں مفت دوبارہ امتحان دینے کی پیشکش کی گئی۔

سرکاری اعلان میں مزید بتایا گیا کہ او لیولز کے نتائج اگلے ہفتے جاری کیے جائیں گے، جو ایک اور بڑے تعلیمی مرحلے کی تکمیل کا اشارہ ہوگا۔ کیمبرج کے او اور اے لیول کے امتحانات دنیا بھر میں معیاری اور معتبر سمجھے جاتے ہیں، اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں طلبہ ہر سال یہ امتحانات دیتے ہیں۔ صرف پاکستان میں ہی ہر سال تقریباً 10 ہزار امیدوار ان امتحانات میں شریک ہوتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کیمبرج کا نصاب اور اس کی اسناد کس قدر مقبول اور معتبر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کی جانب سے شہریوں کیلئے نئی سہولت کا اعلان

گزشتہ ماہ کیمبرج نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا جب جنوبی ایشیا میں کیمبرج انٹرنیشنل اسکولز کی تعداد 1,000 سے بڑھ گئی۔ یہ اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ اس خطے میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم کے حصول کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ادارے کے مطابق گزشتہ تعلیمی سال میں جنوبی ایشیا میں کیمبرج اسکولز کی تعداد میں 16 فیصد کا اضافہ ہوا، جو 2023–24 میں 894 سے بڑھ کر 2024–25 میں 1,034 تک پہنچ گئی۔

اس اضافہ میں بھارت کا کردار سب سے نمایاں رہا، جہاں نئے کیمبرج اسکولز کی شمولیت میں 81 فیصد سے زائد حصہ ڈالا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اس وقت خطے کے تمام کیمبرج انٹرنیشنل اسکولز میں سے 75 فیصد سے زیادہ موجود ہیں۔ اس فہرست میں بنگلہ دیش دوسرے نمبر پر ہے، جو 12 فیصد کے ساتھ حصہ دار ہے۔

کیمبرج کے مطابق اس تیز رفتار ترقی کی بنیادی وجہ معیاری نصاب، عالمی سطح پر تسلیم شدہ ڈگریز اور طلبہ کو مستقبل کے لیے بہتر تیاری فراہم کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ او اور اے لیول کی اسناد حاصل کرنے والے طلبہ دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں باآسانی داخلہ حاصل کرتے ہیں اور کامیاب کیریئر کی طرف قدم بڑھاتے ہیں۔