ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں
Jaffer Express Accident
فائل فوٹو
کوئٹہ:(ویب ڈیسک) مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے باعث جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوئی تھی کہ سپیزنڈ مستونگ کے قریب ٹریک پر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

دھماکے کے باوجود مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ چند روز قبل سبی میں بھی ریلوے ٹریک پر دھماکے کی وجہ سے جعفر ایکسپریس کو بڑا حادثہ ہونے سے بچایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی سے چلنےوا لی ٹرام کے روٹس کا اعلان

دوسری جانب رحیم یارخان کے خان پور سٹی پھاٹک پر عوام ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ عوام ایکسپریس پشاور سے کراچی جا رہی تھی کہ اچانک حادثہ پیش آیا۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم روہڑی اور سمہ سٹہ سے امدادی ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئی ہیں۔ حادثے کی وجہ سے ڈاؤن ٹریک پر آنے جانے والی تمام ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔