لاہور: بجلی سے چلنےوا لی ٹرام کے روٹس کا اعلان
Electric tram Lahore
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے بجلی سے چلنے والی الیکٹرک ٹرام سروس متعارف،جس کے روٹس کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اس نئے منصوبے کا مقصد شہر کی ٹریفک کے مسائل کو کم کرنا اور شہریوں کو آسان، سستی اور صاف ستھری ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔

پہلے مرحلے میں ٹرام کا روٹ ہربنس پورہ سے لے کر ٹھوکر نیاز بیگ تک مقرر کیا گیا ہے، جو کینال روڈ کے بائیں کنارے پر تعمیر کیا جائے گا تاکہ روٹ کے باعث ٹریفک میں کم سے کم رکاوٹ پیش آئے۔

ٹرام اسٹاپس کے قریب سڑک کو چوڑا کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے مختلف زیرِ زمین راستوں (انڈرپاسز) کی ساخت میں تبدیلی کی جائے گی، جن میں کینال روڈ کے انڈرپاسز کو سنگل لین میں ضم کرنا اور جیل روڈ انڈرپاس کو ایک طرف منتقل کرنا شامل ہے۔

چین سے درآمد کی گئی تین یونٹس پر مشتمل یہ برقی ٹرام مکمل طور پر بجلی سے چلتی ہے اور صرف 10 منٹ کی چارجنگ پر 25 سے 27 کلومیٹر کا سفر طے کر سکتی ہے۔ اس میں ایک ساتھ 250 مسافر بیٹھ سکتے ہیں، جو کہ لاہور کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک نمایاں بہتری کا باعث بنے گا۔

پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر اس ٹرام سروس کا تجرباتی آغاز لاہور ایئرپورٹ کے قریب کیا جا چکا ہے، جبکہ سروس کے باقاعدہ آغاز پر کرایہ بھی مقرر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہر کی بہتر رابطہ کاری کیلئے جالو سے ہربنس پورہ تک زیرِ زمین سڑک بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ لاہور کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جو نہ صرف ماحول کو بہتر بنائے گا بلکہ شہریوں کی سہولت اور آمد و رفت کو بھی آسان کرے گا۔