ملک بھر میں آج سے پھر گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع
Pakistan Weather Update
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 اگست کی شام سے بھی ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی توقع ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے بتایا کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہوں گی جو اگلے ہفتے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ گلبرگ، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ، کینال روڈ، مسلم ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس سے ٹھنڈی ہوا نے حبس اور گھٹن کی کیفیت کو ختم کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی اے: سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کیلئے نیا لائسنس تیار

دوسری جانب شہرِ قائد میں آج بھی موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہے گا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارشوں کے دوران حفاظتی اقدامات اپنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔