کراچی: انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل کے نتائج کا اعلان
Karachi Board Results
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے بارھویں جماعت پری میڈیکل کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں لڑکیوں نے ایک بار پھر نمایاں برتری حاصل کی، جبکہ لڑکوں کی کامیابی کی شرح نہایت کم رہی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 28 ہزار 259 طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے 15 ہزار 572 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب مجموعی طور پر 55.11 فیصد رہا۔

لڑکوں کی کارکردگی تشویشناک رہی، 5 ہزار 519 امیدواروں میں سے صرف 2 ہزار 578 ہی کامیاب ہو سکے، جو محض 9 فیصد کامیابی کی شرح بنتی ہے۔

دوسری جانب لڑکیوں نے شاندار کامیابی حاصل کی، جہاں 22 ہزار 740 امیدواروں میں سے 12 ہزار 994 نے امتحان پاس کیا، کامیابی کا تناسب 47.56 فیصد رہا۔

گریڈز کے اعتبار سے بھی لڑکیوں نے بازی مار لی، اے ون گریڈ حاصل کرنے والے لڑکوں کا تناسب صرف 1.17 فیصد رہا، جبکہ لڑکیوں کا تناسب 6.14 فیصد رہا۔ اے گریڈ میں 1.73 فیصد لڑکے اور 10.97 فیصد لڑکیاں کامیاب ہوئیں۔ بی گریڈ میں 2.23 فیصد لڑکے اور 12.67 فیصد لڑکیاں کامیاب قرار پائیں۔

یہ بھی پڑھیں:یکم ستمبر سے قبل اسکول کھولنے پر پابندی، شکایت کے لیے ہیلپ لائن قائم

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ نتائج میں یہ فرق پڑھائی کے رجحان، محنت اور تعلیمی ماحول کا عکاس ہے۔ والدین اور اساتذہ نے لڑکیوں کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ یکسوئی اور محنت سے ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

کراچی تعلیمی بورڈ کے مطابق نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ اصل مارک شیٹس چند روز میں جاری کر دی جائیں گی۔