حج 2026: رجسٹریشن کا آج آخری دن، بینک کھلے رہیں گے
حج 2026 کے لئے چار روز میں ملک بھر بشمول آزاد کشمیر سے رجسٹریشن کرانے والے 4 لاکھ 55 ہزار افراد میں سے 60 ہزار افراد نے بینکوں میں درخواستیں جمع کرائیں
حج 2026 کے لئے چار روز میں ملک بھر بشمول آزاد کشمیر سے رجسٹریشن کرانے والے 4 لاکھ 55 ہزار افراد میں سے 60 ہزار افراد نے بینکوں میں درخواستیں جمع کرائیں/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) حج 2026 کے لئے چار روز میں ملک بھر بشمول آزاد کشمیر سے رجسٹریشن کرانے والے 4 لاکھ 55 ہزار افراد میں سے 60 ہزار افراد نے بینکوں میں درخواستیں جمع کرائیں۔

آئندہ سال حج کے لئے سرکاری سکیم کا کوٹہ پہلی بار 70 جبکہ نجی کوٹہ 30 فیصد مختص کیا گیا، سرکاری سکیم کے تحت پہلے رجسٹریشن کرانے والوں کے لئے درخواستیں جمع کرا نے کے لئے بینک آج کھلے رہیں گے۔

رجسٹریشن کرانے والوں کے لئے آج آخری دن ہے جبکہ پہلے رجسٹریشن نہ کرانے والے 9 تا 16 اگست تک درخواستیں جمع کرو ا سکیں گے، اگر درخواستیں مقررہ کوٹے سے کم موصول ہوئیں تو تار یخ میں توسیع کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریٹائرڈ ملازمین کو 5 پنشن ایڈ ہاک ریلیف دینے کی منظوری

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حج 2026 کے رجسٹرڈ درخواست گزاروں کو درخواست فارم جمع کرانے میں سہولت دینے کی خاطر وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی درخواست پر 14 مجاز بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک بھر میں اپنی مجاز برانچیں ہفتہ 9 اگست 2025 کو صبح 9 بجے سے ڈھائی بجے دوپہر تک کھلی رکھیں۔

قبل ازیں حج پالیسی کے حوالے سے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے 14 بینکوں نیشنل بینک آف پاکستان، حبیب بینک، یو نائیٹڈ بینک ، ایم سی بی بینک، الائیڈ بینک، بینک الفلاح، زرعی ترقیاتی بینک، فیصل بینک، عسکری بینک، بینک الحبیب، حبیب میٹروپولیٹن بینک، سونیری بینک، میزان بینک اور بینک اسلامی کو اجازت دی تھی۔

اسٹیٹ بینک نے مذکورہ بینکوں کو اجازت دی تھی کہ وہ حج 2026 کے لیے ملک بھر میں رجسٹرڈ درخواست گزاروں سے حج درخواست فارم 4 اگست 2025 تا 9 اگست 2025 تک وصول کر سکتے ہیں۔